چراغ شب کو جیسے آندھیاں اچھی نہیں لگتیں
کچھ ایسے ہی ہمیں خوش فہمیاں اچھی نہیں لگتیں
جنہیں سونے کے پنجرے میں غذا مل جائے چاندی کی
انہیں پھر آزادیاں اچھی نہیں لگتیں
بلندی پر کبھی پہنچائے گا میرا ہنر مجھ کو
مجھے قدموں کے نیچے سیڑھیاں اچھی نہیں لگتیں
وہ جن کے دل میں فصل غم نے ڈیرے ڈال رکھے ہوں
انہیں پھولوں پہ بیٹھی تتلیاں اچھی نہیں لگتیں
وہ حسن و دلکشی کو جانتے پہچانتے کب ہیں
کہ جن کو کھلکھلاتی لڑکیاں اچھی نہیں لگتیں
میرا جی چاہتا ہے ان کو میں آئینہ دکھلاؤں
وہ جن کو دوسروں کی خوبیاں اچھی نہیں لگتیں
مجھے کانٹوں بھرے رستے پر چلنے کو کہتا ہے
دلٍ ناداں کو مجبوریاں اچھی نہیں لگتیں
No comments:
Post a Comment